ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسدالدین اویسی کا انوراگ ٹھاکر کو چیلنج۔ جگہ بتائیے جہاں مجھے گولی ماریں گے، میں آنے کو تیار

اسدالدین اویسی کا انوراگ ٹھاکر کو چیلنج۔ جگہ بتائیے جہاں مجھے گولی ماریں گے، میں آنے کو تیار

Wed, 29 Jan 2020 21:56:21    S.O. News Service

ممبئی،29/جنوری(ایس او نیوز/ایجنسی) شہریت قانون (Citizenship Amendment Act) کو لے کر بیان بازی کا دور جاری ہے۔ بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر کے ’ سی اے اے کی مخالفت کرنے والوں کو گولی مارو‘ بیان کے بعد اب اسدالدین اویسی (Asaduddin Owaisi) نے ان کو چیلنج دیا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اویسی نے کہا ’ انوراگ ٹھاکر مجھے ہندوستان میں وہ جگہ بتائیں جہاں مجھے گولی ماریں گے۔ میں وہاں آنے کو تیار ہوں‘۔

اسدالدین اویسی نے منگل کو ممبئی کے ناگپاڑہ علاقہ میں ہوئی ایک ریلی میں یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا ’ انوراگ ٹھاکر میں چیلنج دیتا ہوں، ہندوستان میں وہ جگہ بتائیے جہاں آپ مجھے شوٹ کریں گے اور میں آنے کو تیار ہوں‘۔ انہوں نے کہا ’ آپ کا بیان مجھ میں ڈر پیدا نہیں کرے گا۔ کیونکہ ہماری مائیں اور بہنیں بڑی تعداد میں سڑکوں پر ہیں۔ انہوں نے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے پیر کے روز دہلی میں ایک ریلی کے دوران ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا ’ سی اے اے کی مخالفت کرنے والے ملک کے غدار ہیں۔ انہیں گولی مار دینی چاہئے‘۔ الیکشن کمیشن نے اس بیان پر انوراگ ٹھاکر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ٹھاکر کو جمعرات کو دوپہر بارہ بجے تک اس نوٹس کا جواب دینا ہے۔


Share: